اپنی ایک طالبہ زینب کے نام
_____________________
کسے معلوم ہے
بارہ برس کی سانولی زینب
جب اپنے گھر پہنچتی ہے
تو اوروں کی طرح کھانا نہیں کھاتی
نہ بستہ پھینک کر بستر پہ گرتی ہے
وہ اپنے ساتویں نمبر کے بھائی کو کھلاتی ہے
کبھی روٹی پکاتی ہے
کبھی سالن چڑھاتی ہے
کسے معلوم ہے
زینب کی ماں ہر روز اس کی راہ تکتی ہے
کہ جب اسکول سے گھر آئے گی زینب
تو وہ اپنے ضروری کام کر لے گی
ذرا آرام کر لے گی
کسے معلوم ہے
زینب کا ابّا
دوسری بیوی کی بانہوں میں
بہت دن سے فراموشی کے نغمے گا رہا ہے
کسے معلوم ہے
وہ گھر بھی کم کم آ رہا ہے
جب آتا ہے
تو زینب اپنی ماں کو اس کے ہاتھوں سے چھڑانے میں سدا ناکام رہتی ہے
بدن پر زخم سہتی ہے
کسے معلوم ہے زینب کے گھر میں کون سا موسم ہے
اورکس روز بدلے گا
کسے معلوم ہے
اور کون سمجھے گا
مگر ہر شخص کو اسکول میں زینب سے شکوہ ہے
کہ اس کا کام پورا کیوں نہیں
تحریر اتنی منتشر کیوں ہے
یہ زینب
اپنے مستقبل سے غافل اس قدر کیوں ہے؟
٭
آج کل، نئی دہلی، مارچ ۲۰۲۱ء، مدیر: ارشاد علی
٭٭٭