مختصر نویس ۔۔۔ سیّد صداقت حُسین

اویس نے صبح سویرے اٹھتے ہی شیو کیا، ناشتے سے فارغ ہونے کے بعد کپڑے پہنے بال سنوارے اور اپنا پسندیدہ کوٹ پہن کر بس اسٹاپ پر بس کا انتظار کرنے لگا۔ پندرہ منٹ کے انتظار کے بعد ایک بھری ہوئی بس میں سوار ہو کر وہ سیدھا مقامی کمپنی کے ہیڈآفس میں ہیومن ریسورس منیجر کے کمرے میں دستک دے کر ان کے سامنے کرسی پر براجمان تھا۔
مسٹر اویس آپ کی پرفارمنس رپورٹ نے سی ای او کو حیرت زدہ کر کے رکھ دیا ہے۔ آپ کی ٹائپنگ اسپیڈ بلا اغلاط درست ۷۰ الفاظ فی منٹ اور شارٹ اسپیڈ ۱۰۰ الفاظ فی منٹ ہے جو ہماری کمپنی کی ضرورت سے کہیں زیادہ ہے۔ آپ کا کمپیوٹر اور آئی کیو ٹیسٹ بالکل پرفیکٹ ہے۔ انگریزی کی ڈرافٹنگ قابل رشک ہے۔ آپ کا انگلش اسپیکنگ پاور بہت عمدہ ہے جس میں آپ کا لہجہ، الفاظ کی ادائیگی پرکشش ہے۔ جرنل نالج ٹیسٹ سوفیصد کامیاب ہے۔آپ نے منٹس آف دا میٹنگ بہت اچھے بنائے ہیں آپ کا لباس، حلیہ لب و لہجہ سب کچھ لاجواب ہے۔ آپ کی پرفارمنس نے ہماری منیجمینٹ کو حیرت زدہ کر کے رکھ دیا ہے۔ سب سے بڑھ کر آپ کی تعلیمی قابلیت۔۔۔ آپ کی ایم اے تک کی تمام ڈگریوں کو مقامی یونیورسٹی سے تصدیق کر وا کر چھان بین کروائی گئی جو کہ درست ثابت ہوئیں۔ آپ کی میڈیکل رپورٹ بھی او کے ہے۔
ہماری کمپنی آپ کو فوری طور پر کمپنی کے سی ای او کے اسٹینوگرافر کی پوزیشن آفر کرتی ہے۔ آپ اس مہینے کی ۲۵ تاریخ سے اپنی ڈیوٹی جوائن کرسکتے ہیں۔ مسڑ اویس یاد رکھیئے گا اسٹینوگرافر کسی بھی کمپنی میں ٹائپنگ، شارٹ ہینڈ، کمپیوٹر، ڈرافٹنگ اور جنرل نالج کی آگاہی کے بغیر تعینات نہیں ہو سکتا۔۔۔۔ اور اس حوالے سے آپ بڑے کڑے امتحان کے بعد سرخرو ہو کر اس پوسٹ پر فائز ہوا چاہتے ہیں۔ جبکہ میں یہ بات فخریہ کہتا ہوں کہ ہماری کمپنی میں اقربا پروری اور سفارش نام کو نہیں ہے۔
اسی اثنا میں کمرے کا دروازہ کھلا اور سی ای او اندر ایک نوجوان کے ساتھ داخل ہوئے جس پر ہیومن ریسورس منیجر فورا تعظیماً کھڑے ہو گئے۔۔۔۔۔ او کے اوکے آپ تشریف رکھیں۔۔۔ یہ آصف ہیں میرے گہرے دوست کے بیٹے یار ذرا ان کا جزوی سا ٹیسٹ لے لو اسے ابھی نوکری کا کوئی تجربہ نہیں ہے اور تعلیم بھی ابھی ادھوری ہے۔ ہمارے ساتھ کام کرے گا تو تجربہ اور قابلیت آ ہی جائے گی۔
آپ اس کے آرڈر جاری کر دیں یہ کہہ کر سی ای او صاحب کمرے سے باہر نکل گئے۔
٭٭٭

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے