نظمیں ۔۔۔ تنویر قاضی

خاکستری خواب کا موجد

بے مثل فکشنسٹ،  قدیم دوست اسلم سراج الدین کی یاد میں

 

خوابِ خاکستری کا سفر

طے نہیں ہو سکا

 

کُنجِ دل میں کہیں

کوئی حسرت

اُٹھاتی ہے سر

 

عشق کے کھیل میں

قرمزی حرف جیسے

کبوتر تخیّل کی چھتری سے اُتریں

غُٹر غُوں .. غُٹر غُوں

 

تواریخ کے

سال ہا سال ادراک سے

اَن چھُوئی کینوس پر بناتا ہے تصویریں

 

’وہ‘

’ٹِلے باشے کا چھجوا‘

’یہ پینٹنگ ہے ‘

لیکن

کسی جسم کے جلنے کی بُو پہ رُو مال کیوں

آج کے مُنصفوں نے رکھا

ناک پر

یہ جو BIG BANG کے بعد کی

اوّلیں ساعتیں

صاف و شفاف پانی کے

چاندی کٹوروں میں

اس عہد کا گدلاپن

دیکھ سکتے ہیں ہم

 

بانٹتا ہے تہی ہاتھ لوگوں میں

اَن دیکھی جاگیریں

سُرخاب کے پر تھماتا ہے

ویران آنکھوں کو

سوچوں کی قندیل کی آنچ میں

نرم نیلاہٹیں پھیلتی ہی چلی جا رہی ہیں

اگرچہ ابھی خوابِ خاکستری کا سفر

طے نہیں ہو سکا

 

ماورائی منازل کی سطحوں کو

چھُوتا ہوا

ایک ذہنِ رسا

زندگی کے ORIGIN کی

جِدّت کا رَسیا

پرندہ کوئی

اپنی حیرت میں گُم

اور نہتّی مسافت کے تلوؤں کے

خارِ مُغیلاں کا حسّاس

اک داستاں گو

٭٭٭

اسلم صاحب 3 دسمبر 2013 کو وفات پا گئے تھے

٭٭٭

 

ادرک کا قہوہ

 

ہاتھ

میں

ہاتھ ہے

ایک پری کا

 

ادرک کے قہوے کا

خُوشبُو دار دھُواں

گھنے اشجار کے کُنج تلک لے جاتا ہے

خوابوں کی کُٹیا ہو جیسے

چرواہی کی

بھیڑوں کے پیچھے پیچھے

 

بھیڑیئے کی ہے تھوتھنی خون آلُود

قطرہ قطرہ

لہُو

چراگاہوں کو

چاٹ رہا ہے

 

سرما کی آمد پر

اُون

خریدنے آئے تھے

واپسی کا رستہ کھو بیٹھے ہیں

 

گرمائِش لیتے لیتے

غیر آباد سفر کی دُوری کی دلدل میں

مچھلیاں بن جاتے ہیں

برفانی ریچھوں کے زمِستاں کی

منظر کور بہانہ

کسی مہک کا حیلہ ہمیں لِئے پھرتا ہے

٭٭٭

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے