چھُّٹی کے دن۔۔۔۔۔
ستیہ پال آنند اور میں
’کوسموس‘۱ جیبوں میں بھر کر
اکثر چاند کے پیچھے والے آسمان میں جا کر کھیلا کرتے ہیں۔
سات ستارے اوپر کے، دو نیچے رکھ کر
نو پتّھروں کا پٹھّو کھیلیں
’کرمچ‘ والی چاند کی گیند اتار کے لے جائیں دونوں!
کبھی کبھی "انٹی” ہوتی ہے۔
یہ وینس۲ کا کنچا ہے
اور وہ جیوپیٹر۳ کا بنٹا!
گلّی ڈنڈا بھی جمتا ہے
چلو، کومیٹ۴ کا ڈنڈا لے کر
منگل۵ تارے کی گِلی سے
گَّلی ڈنڈا کھیلیں گے!
اتنی زور نہ ماریو گِلّی
کانچ زمیں کا ٹوٹ گیا، تو
فِش ٹینک کی ساری مچھیاں
سپیس۶ میں گر کر مر جائیں گی
اور بڑے میاں سے ڈانٹ پڑے گی!
٭
۱۔ Cosmos
۲۔ Venice
۳۔ Jupiter
۴۔ Comet
۵۔ Mars
۶۔ Space
٭٭٭