دیکھنے سے ڈرتا ہوں ۔۔۔ محمد بلال اعظم

 

(مجید امجد لائبریری میں )

_______________________

 

دیکھنے سے ڈرتا ہوں

اُن حسین آنکھوں میں

جن میں زیست پلتی تھی

جن میں خواب رہتے تھے

جن میں دل دھڑکتا تھا

 

دھڑکنوں سے روز و شب

ہم بھی خواب بُنتے تھے

زندگی نبھانے کے

خواب ساتھ رہنے کے

خواب! ساتھ دینے کے

 

دیکھنے سے ڈرتا ہوں

اُن حسین آنکھوں میں

جن کو نظم کرتا تھا

جن پہ شعر کہتا تھا

جن سے صبح ہوتی تھی

جن میں رات کٹتی تھی

زیست سانس لیتی تھی

جن میں دل دھڑکتا تھا

دل پہ نام لکھا تھا

میرا نام تھا شاید!

یعنی! یعنی لا یعنی

 

آج کا ہی قصہ ہے

آج بھی میں گزرا تھا

اُس درِ تحیر سے

جس درِ تحیر سے

حیرتیں پلٹ آئیں

ساعتیں بھی رک جائیں

سانس بھی ٹھہر جائے

آج بھی میں بیٹھا تھا

اُس کتاب خانے میں

جس کتاب خانے میں

حیرتوں کے شیشے پر

زندگی، طبیعاتی

کشمکش میں الجھی تھی

آج وہ فضائیں بھی

کس قدر معطر تھیں !

 

آج اُن فضاؤں کو

تُو نے اذن بخشا تھا

اپنی میزبانی کا

اور میں کم سخن شاید

اپنی بد نصیبی پر

صبر کر کے آیا تھا

ضبط کر کے بیٹھا تھا

جتنا ضبط کرتا تھا

اُتنا ٹوٹ جاتا تھا

دیکھنے سے ڈرتا تھا

اُن حسین آنکھوں میں

جن کو نظم کرتا تھا

جن پہ شعر کہتا تھا

 

آج میں نے دیکھا تھا

آج اداس لگتی تھی

راہ گزر محبت کی

آج حبس طاری تھا

اُس کتاب خانے میں

خستگی کا عالم تھا

میں شکست خوردہ شخص

کائناتی غم لے کر

اک مہین ڈوری کے

آسرے پہ بیٹھا تھا

خامشی سے بیٹھا تھا

 

آج میں بچشمِ نم

اعتراف کرتا ہوں

دیکھنے سے ڈرتا ہوں

اُن حسین آنکھوں میں

جن کو نظم کرتا تھا

جن پہ شعر کہتا تھا

٭٭٭

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے