(بنگلا)
بادل جیسا آدمی
___________________
میرے سامنے سے ٹہلتے ہوئے جاتا ہے
وہ ایک بادل جیسا آدمی
اس کے جسم کے اندر داخل کرنے پر
معلوم پڑتا ہے کہ
سارا پانی دھرتی پر جھڑ جائے گا۔
میرے سامنے سے ٹہلتے ہوئے جاتا ہے
وہ ایک بادل جیسا آدمی
اس کے سامنے جا کر بیٹھنے پر
معلوم پڑتا ہے کہ
پیڑ کا سایہ آ جائے گا میرے پاس۔
وہ دے گا کہ لے گا؟
وہ کیا پناہ چاہتا ہے؟
یا کہ پناہ میں ہے؟
میرے سامنے سے ٹہلتے ہوئے جاتا ہے
وہ ایک بادل جیسا آدمی
اس کے سامنے جا کر کھڑے ہونے پر
میں بھی شاید کبھی کسی دن
ہو سکتا ہوں، بادل!
٭٭٭
جوانی
___________________
دن رات کے بیچ
پرندوں کے اڑنے کی پرچھائیاں
یاد آتا ہے یوں ہی
ہماری آخری ملاقاتیں
٭٭٭
تم
___________________
اڑتا ہوں،
اور بھٹکتا ہوں،
دن بھر پتھ میں ہی
سلگتا ہوں،
پر اچھا نہیں لگتا
جب تک
لوٹ کر دیکھ نہ لوں کہ تم ہو،
تم ۔
٭٭٭
اخبار
___________________
روز
صبح کے اخبار میں
ایک لفظ
وحشت
اپنے
آفاقی عنوان کا
نت نئی تشریح
ڈھونڈھتا ہے
٭٭٭
نیگرو دوست کے نام ایک خط
_______________________
رچرڈ! رچرڈ !!
رچرڈ تمہارا نام میرے لفظوں میں ہے۔
کون رچرڈ؟
کوئی نہیں
رچرڈ میرا لفظ نہیں ہے
رچرڈ! رچرڈ !!
رچرڈ تمہارا نام میرے سپنوں میں ہے
کون رچرڈ؟
کوئی نہیں
رچرڈ میرا سپنا نہیں ہے
رچرڈ! رچرڈ !!
رچرڈ تمہارا نام میرے دکھ میں ہے
کون رچرڈ؟
کوئی نہیں
رچرڈ میرا دکھ نہیں ہے
٭٭٭