رات کی پہنائی میں گِرتی ہوئی ایک اور رات
_________________________________
راتوں میں
اک رات ڈھونڈتے
خود بھی ہو جاتے ہیں رات
بھیگے بال و پر کے ساتھ
سپید کبوتر
اُوپر اُڑتے
کالے ہرن کو دے نہیں سکتے مات
دیکھ نہ پائے
منقاروں پر
چُبھتی چھِلتر
جنت کے اشجار کی
اتنے مہین لکھے تھے نام
پڑھے نہیں جاتے تھے
پتا پتا جھڑتے جاتے تھے پیڑوں سے لوگ
اور ہی کسی زبان کی تختی
آویزاں تھی
منظر کی پیشانی پر
نُوری سالوں کی دُوری کے
باغوں کی پینگوں کے جھُولے
کرتے نیند خراب
ہو گئے آنکھوں سے اوجھل
٭٭٭
سالٹ رینج–1
___________________
آتی جاتی
گاڑی پر بھی رکھنا دھیان
اگلی مسافت پر جانا ہے
دن ڈھلنے سے پہلے
سالٹ رینج کو دیکھو
سارا نمک ہے یہ
گِر جانے دیتے ہیں اشکوں کو
جم جائیں گے روحوں کے اندر ورنہ
نیا جہان بنانے کو نمکین
تھوڑی کڑوی اک بستی رستے میں بس جائے گی
گھوڑے جب بیمار پڑیں گے
گھاس گھِرے پتھر چاٹیں گے
دشمن کے ہی کیوں نہ ہوں
استعارہ ہیں خوبصورتی اور جرات کا
ڈائینا سارز اور انسانوں کے فوسلز کی تحقیق میں یکجا ہوں گے ادارے
اور اک بہتے سالٹ رینج پر
شامل ہوتے جائیں آؤ
صدیوں بعد ہمارے بھیتر لوگ کھڑے کہتے ہوں گے
دیکھو صاف نظر آتے ہیں نشان
کبھی یہاں بہتا تھا سمندر
کتھا سناتے آبی پرندے اُڑیں گے اوپر
جانے کتنی آنکھوں نے مل کر آباد کیا پانی گھر
پھر جا کے بن پایا سمندر
مچھلیاں دُور سے آوازے کستی ہیں
ناف نمک کا حصہ ہو جانے سے پیشتر
سہمے ہوئے دل اوٹ میں ہو جاتے ہیں
جیسے کبوتر سو جاتے ہیں
٭٭٭
لوہے کا پرندہ
__________________
جہاز جوں جوں اُڑان بھرتا
دل بیٹھتا جاتا
پھر لینڈنگ گیئر نہیں لگا
بال و پر نہیں کھُلے
شام گہری ہو چلی تھی
گنتی کی جاتی
ایک طائر شمار نہیں ہوتا تھا
سمندر کی ہمسائے گی کی دھُواں دھُواں ہوتی گلی کے کہرام میں
99 انسانوں کو اپنے پروں میں سمیٹے
لوہے کا پرندہ گِرا پڑا تھا
جہاز نے پرندے سے اُڑنا سیکھا
وہاں، چیلوں، چڑیوں، ابابیلوں، کبوتروں کا جمع ہونا کوئی اچنبا نہ تھا
دونوں جَل چکے تھے مانسوں سمیت
پرندوں اور انسانوں کے ملاپ کا ایک نوحہ عرش ہلاتا تھا
دونوں کا نقصان ایک پرواز میں نارنجی درد جگاتا تھا
آگ آنسُوؤں سے بھی نہ بُجھائی جا سکی
منطق الطیر والا
عطار
عشق کے سات شہروں کا مسافر
کانفرنس میں بار بار
حاضری لگاتا
پر ایک پکھیرو کی کمی ہو جاتی
منقاریں کانپتی تھیں
سسکیاں اُبھرتی تھیں
اب آھستگی سے سیڑھیاں اُترتی خاموشی کا راج منظر کی کلغی پر تھا
بار بار کے اعلان اور درشتگی پر
پرندوں کی تعداد پُوری کرنے کو
ایک بلیک باکس لا کر رکھ دیا گیا ہے
٭٭٭