نظمیں ۔۔۔ تنویر قاضی

 

وبا کے دنوں کی تنہائی

____________________________

 

کائیناتی بھید پانے اور

مرضی کی دیر پا قُربت کے لئے

سوشل ڈِسٹینسنگ کا تجربہ ضروری ہے

تنہائی ایک قیمتی شَے ہے

جہاں محبت صحیح معنوں میں آشکار ہوتی ہے

خواب در خواب بھی تو سفر جاری رہتا ہے

شکیب جلالی، سارہ شگفتہ اور ثروت حسین کو تنہائی ہی نے جنم دیا تھا

واک کمپینین کے ساتھ ایک میٹر کے فاصلے پر رہ کر سیر کو جایا جا سکتا ہے

اس عالمی آئیسولیشن میں

موسیقی سُن سکتے ہیں

دس گھنٹے کی نیند سونا ہے

کبوتروں کو نامہ بر کرنا ہے

محبت ترک تو نہیں کی جا سکتی

پسند کی مووی دیکھ سکتے ہیں

انار کلی کی دیوار میں چُننے کی اذیت محسوس کر سکتے ہیں

آئیں تاج محل پر ساحر کی نظم گُنگناتے ہیں

غُربت کی لکیر کے نیچے کراہتے لوگوں سے بِن ملے ملاقات ہو جائے گی

تنہائی سوچنا بھی سکھاتی ہے

دل و دماغ میں انقلاب لانے کا وقت بھی یہی ہے

گارسیا مارکیز کا ناول ’’تنہائی کے سو سال‘‘ دوبارہ پڑھا جا سکتا ہے

اکیلا پن خوبصورت ایسے بھی بنتا ہے

شاعر عروض سے چھٹکارا پا کر

نثری نظمیں لکھیں

اکنامکس پڑھیں

مذہبی زعما

تاریخ کا تقابلی مطالعہ کریں

اکلاپا سوچنے پر اُکساتا ہے

چوپایا آسمان سے گِرا یا

ارتقائی کگر سے اُترا

جنت سے کسی قصور پر گندمی رنگ میں رنگے گئے؟

یا بگ بینگ کا کرشمہ ہیں یہ مانس بنتے حشرات الارض

٭٭٭

نرگسیت کا تالاب

____________________________

جب پینٹنگ ختم ہوتی ہے

نمودار ہوتی ہے

ہماری اپنی ہی شکل

مجسمہ تکمیل کو پہنچتا ہے

ہم اسے اپنے نام سے پُکارتے ہیں

مادھوری ڈکشٹ کے رقص میں

اتنے محو ہو جاتے ہیں

اُس کی مسکراہٹ اور محرابوں سے

واپسی کا سفر

تکان سے بھر جاتا ہے

اپنے جنازوں کو خود کاندھا دیتے

قبرستان تک چلے جاتے ہیں

نو زائیدہ پرندوں کو

گھونسلوں سے گرنے کا خوف دامن گیر رہتا ہے

ہمارے ہونٹ ہماری تصویریں

ہمیں یاد کر کے چومنے لگتے ہیں

ایسا لگتا ہے

ان لوگوں کو پہلے کہیں دیکھ رکھا ہے

ستر ڈھانپتے

قریبی درختوں کے باندھے ہوئے پتے

پہلے جیسے خُشک رہتے ہیں

نرگسیت کے تالاب میں

گرے رہنے کے باوجود

ہم بھیگ نہیں پاتے

٭٭٭

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے