باغوں میں گھرے باغ
__________________
خواب نہیں تھے
چلغوزے کے باغ تھے جیسے
طائر طائر اُڑتے رہتے سپنے
سنگِ مر مر کے فوارے
بھرے ہوئے نیلے پانی سے
ایک لحاف میں بیٹھ کے کھاتے
موسم کے پھل
خواب نہیں تھے
سُرخ گلاب تھے
خواب نہیں تھے
چلغوزے کے باغ تھے
سائیبیرین کُونجیں
ساتھ بِتاتیں سرما، جھیل کنارے
بالوں میں کنگھی کرتا
چاندی سا ہاتھ اور شب مُسکاتی
سونے جیسی کوئی پُرانی یاد ستاتی
ہجر کا نغمہ فصلِ بہار میں کوئل گاتی
جگراتوں کی بھیڑ
اچانک دھکم پیل میں کر دیتا ہے
زور کا ریلا باغ سے باہر
ہمیں کہانی پر اُکساتا درد الاؤ
بکرے کی سجی بنتے ہوئے دیکھتے جاتے
باری ہماری اور کوئی لے جاتا
کھڑکی آندھی سے کھل جاتی
کچھ نہ دکھائی دیتا
گرد و غبار میں لپٹا منظر
جالا بننے والی مکڑی خوش ہو جاتی
جب پوشاک بسنتی اُس نے پہنی
بھول گیا سُرخاب اُڑان میں اپنی ٹہنی
باغ کے دروازے پر روک لیئے جاتے جب، رونے لگتے
مخروطی حیران کبوتر
سُرخ اناروں کی چھاگل اور آنکھوں کے بادام
ناف انجیر اور پوروں کے چلغوزے، بوسہ مانگتے
چلغوزے کے باغ نہیں تھے، خواب تھے وہ
خواب نہیں تھے، چلغوزے کے باغ تھے
٭٭٭
چاکلیٹ
__________________
دل کا زرد کنارا
درد سہارا
چُٹکی چُٹکی گراتی
دیمک
ایک پُرانی چوکھٹ
تیز ہوا سے گرتے دیکھیں دونوں پَٹ
کھڑکی ٹُوٹی
بوچھاروں میں بدلا
کالا بادل
ایک تار پر
برسی بارش
آتش آتش
پہناوے میں
ذائقہ ذائقہ
ہونٹ اپنے
رُت کاٹتی ہے
لَٹ ماتھے پر آیا پسینہ
چاٹتی ہے
٭٭٭