مجھے کہنا ہے کچھ ۔۔۔۔

 

اردو دنیا ہی نہیں، پوری دنیا ہی آج کل ایک  عجیب دور سے گزر رہی ہے۔  ایک جانب ظلم و ستم کی انتہا کر کے ظالم جشن منا رہے ہیں،  تو دوسری طرف  اسی تاریکی میں ایسی جھلکیاں بھی دکھائی دے جاتی ہیں جن سے یہ احساس ہوتا ہے کہ ابھی بھی دنیا جینے کے لیے بہترین جگہ ہے۔ ہم اردو ادب سے وابستہ لوگ ایسی چھوٹی موٹی جھلکیوں کی ہی تلاش میں رہتے ہیں اور یہ ہمیں اپنے آس پاس مل بھی جاتی ہیں۔ اللہ کا شکر ہے، ابھی انسان انسان سے مایوس نہیں ہوا ہے۔

اس ظلمت میں کچھ احباب کے بچھڑنے کا غم بھی شامل ہے۔ پچھلے عرصے میں بھی اردو دنیا نے کئی افراد کو رخصت کر دیا جن کی  کمی کسی طرح پوری نہیں ہو سکے گی۔ نیر مسعود اور ظفر گورکھپوری بطور خاص یاد آتے ہیں۔ اویس احمد دوراں سے میری بچپن کی کچھ یادیں وابستہ ہیں۔ اس لیے اس بار ان تینوں کو یاد کیا جا رہا ہے۔

ان غموں کے ساتھ یہ خوشی بھی ہے کہ اس بار کچھ احباب کا قرض بھی ادا کر رہا ہوں۔ مجتبیٰ حسین اور مصحف اقبال توصیفی کے لیے گوشے مخصوص کر کے۔ یہ دونوں حضرات میرے بزرگ بھی رہے ہیں ا(اور مصحف اقبال توصیفی میرے دفتر کے ’باس‘ بھی۔) یہ دوسری بات ہے کہ جب مجتبیٰ حسین سے میں نے کسی بات پر ان کے بزرگی کی بات کہی، تو انہوں نے دلچسپ جملہ کہا تھا۔ ’ارے جناب،  ساٹھ سال کی عمر کے بعد سب ہم عمر ہو جاتے ہیں!!‘ امید ہے کہ ان ’ہم عمروں‘ پر گوشے آپ کو پسند خاطر ہوں گے۔

اس بار ایک اور  خاص ’چیز‘ پیش ہے۔ گوتم راج رشی کی ہندی کہانی ابھی حال ہی میں شائع ہوئی  تھی (ماہنامہ ’ہنس‘ کے اگست ۲۰۱۷ء کے شمارے میں۔ جن کو علم نہیں ہو، ان کو یہ بتا دوں کہ ’ہنس‘ کا ہندی میں وہی مقام ہے جو کسی زمانے میں ’نقوش‘ کا اردو کے لیے تھا) اور چھپتے ہی اس پر کافی  گفتگو ہو چکی ہے اور ہو رہی ہے۔ آپ کے لیے اس کا اردو روپ حاضر ہے۔

’سمت‘ شمارہ ۳۲ میں مظفر علی سید کا جذبیؔ پر خاکہ آن لائن  شائع ہونے سے رہ گیا تھا جب کہ پی ڈی اف فائل میں شامل تھا۔ ان سے معذرت کے ساتھ اس شمارے میں دو بارہ شامل کیا جا رہا ہے۔

اپنی رائے سے نوازئیے۔

اعجاز  عبید

٭٭٭

One thought on “مجھے کہنا ہے کچھ ۔۔۔۔

  • استاد گرامی!
    السلام علیکم۔
    جزاک اللہ خیرا کثیرا۔
    آپ اور بہت سی مصروفیات کے ساتھ ساتھ سمت کی سمت کو بھی کبھی نظر انداز نہیں کرتے ماشاءاللہ۔
    اللہ آپ کو ایمان کی دولت کے ساتھ ساتھ اچھی صحت،رزق حلال کی فراوانی،اہل و عیال سے آنکھوں کی ٹھنڈک دل کا سکون اور خوشیاں و آسانیاں عطا فرمائے۔آمین!ثم آمین!

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے