ایک چہرے والا آدمی: نصرت ظہیر ۔۔۔ حقانی القاسمی

تحریر سے جو تصویر بنتی ہے

وہ نقش بر آب نہیں نقش کالحجر ہو جاتی ہے۔

علی گڑھ کے زمانہ طالب علمی سے ہی قومی آواز کے ضمیمہ کے وسیلے سے نصرت ظہیر کی تحریروں سے اتنی ملاقاتیں رہی ہیں کہ اگر ان سے شخصی ملاقات نہ بھی ہوتی تو ان کی شخصیت سے مکمل شناسائی پر کوئی فرق نہیں پڑتا کہ ان کی تحر یر ہی ان کی شخصیت کا آئینہ ہے۔ علی گڑھ کا ہر اتوار ان کی تحریروں کے انتظار میں گزرتا تھا۔ جب کبھی ان کی تحریر نہیں ہوتی تھی تو اس کی کمی شمشاد مارکیٹ کی شام بھی پوری نہیں کر پاتی تھی۔ ایسی کئی شامیں نصرت ظہیر کی تحریروں کے بغیر کاٹی ہیں اور یہ اتنی اذیت ناک ثابت ہوئی ہیں کہ کئی راتوں کی نیندیں آنکھوں سے روٹھ گئیں۔

علی گڑھ کے در و بام سے رشتہ ٹوٹا تو دلی کے ویرانے میں تھکی تھکی سانسوں کو اتنی تھوڑی سی جگہ ملی کہ صبحیں اور شامیں بھی گھٹن محسوس کرنے لگیں۔ دل کی وحشت کسی ایک مسافت پہ ٹھہرنے نہیں دیتی تھی۔ وحشت کے ایسے ہی عالم میں قدم ان منزلوں کی طرف بڑھتے تھے جنہیں میں علی گڑھ میں خواب کی صورت دیکھا کرتا تھا۔ اخبارات کے دفاتر، مدیروں سے ملاقاتیں۔ وقت تیزی سے گزرتا گیا اور پھر ایک موہوم سی منزل مل ہی گئی۔ ساوتھ ایوینو میں اخبار نو کا دفتر۔۔ ۔ اسی دفتر میں مودود صدیقی صاحب اکثر نصرت ظہیر صاحب کا بڑی محبت سے بلا ناغہ ہر روز ذکر کرتے تھے اور میں بہت انہماک سے ان کی باتیں سنتا رہتا تھا۔ پھر ایک دن دیکھا کہ نصرت ظہیر صاحب مودود صدیقی سے محو گفتگو ہیں۔ میں اس وقت صحافت میں نو وارد تھا اس لئے نصرت ظہیر صاحب سے اپنے دلی جذبات بیان کرنے کی جرات نہ کر سکا۔ اس وقت صحافت میں نصرت ظہیر کا نقارہ یا طوطی بولتا تھا۔ ان سے ملاقات کی کئی سبیلیں تو نکلیں مگر ملاقات نہ ہو سکی اور پھر قسمت نے یاوری کی۔ رسالہ استعارہ میں شریک مدیر کی حیثیت سے میرا نام چھپنے لگا اور میں اچانک ان لوگوں کی آنکھوں اور ذہنوں میں روشن ہو گیا جن کی آنکھوں میں برسوں سے اوجھل تھا۔ استعارہ کا پہلا شمارہ شائع ہوا تو اس پر نصرت ظہیر نے اپنے مخصوص انداز میں ایک کالم لکھا اور میراً بھی ذکر خیر نمبر دو کے مدیر کی حیثیت سے کیا۔ اس سے قطع نظر کہ نمبر دو سے ان کی مراد کیا تھی، مجھے ان کا تبصرہ بے حد پسند آیا۔ یہ اس زمانہ کا ذکر ہے جب تحریر میں نصرت ظہیر جوان تھے اور جنگ جاری تھی۔ اور یہ جنگ چھٹ بھیوں سے نہیں بڑے لوگوں سے تھی۔ نصرت ظہیر چو مکھی لڑ رہے تھے اور مخالفین بھی انہیں داد شجاعت دے رہے تھے۔ یہ واقعتاً انہی کا دل گردہ تھا کہ انہوں نے شکست اور ہزیمت قبول نہیں کی۔ مجھے ان کے یہ تیور اچھے لگتے تھے۔ استعارہ میں ہی ان سے بھرپور ملاقات ہوئی اور پھر یہ سلسلہ دراز ہوتا گیا۔۔

دلی آنے کے بعد نصرت ظہیر سے کئی کھٹی میٹھی ملاقاتیں رہیں مگر ان کی تحریر اور شخصیت میں کوئی دوئی نظر نہیں آئی۔ جبکہ بیشتر لکھنے والوں کی تحریریں ان کی شخصیت سے میل نہیں کھاتیں۔ نصرت ظہیر کا ایک ہی چہرہ ہے۔ وہ بارہ چہروں والے نہیں ہیں۔

یہی وہ خوبی ہے جس نے نصرت ظہیر سے مجھے اور قریب کر دیا۔ میں نے ہمیشہ ان کی تحریر میں ان کی شخصیت اور شخصیت میں ان کی تحریر کو دیکھا۔ اور یہی وجہ ہے کہ جہاں ان کی تحریروں سے بہت سے لوگ بر افروختہ ہوئے مجھے اپنی سطح پر برافروختگی کی کوئی وجہ نظر نہیں آئی۔ کیونکہ شخصیت میں شفافیت ہو تو ناراضگی اپنا جواز خود کھو بیٹھتی ہے۔

نصرت ظہیر میں وہ سائکوفنسی کبھی نظر نہیں آئی جو آج کے بیشتر ادیبوں کے ذہنی وجود کا حصہ بن چکی ہے۔ ان کے یہاں محبت اور نفرت کے دوہرے مفاہیم یا معیار نہیں ہیں۔ ان کا وجود منافقت کی کثافت سے آلودہ نہیں ہے۔ وہ محبت میں آگ کا دریا بھی پار کر سکتے ہیں اور نفرت میں آر پار کی جنگ بھی لڑ سکتے ہیں۔ ان کی کئی ادبی معرکہ آرائیاں بہت مشہور ہوئی ہیں مگر انہوں نے اس پالٹکس کو کبھی پرسنل نہیں بنایا۔

نصرت ظہیر اپنے طور و طرز کے واحد شخص ہیں۔ دل میں کسی کے لئے نہ کینہ رکھتے ہیں اور نہ سازشوں کا سفینہ بنانے کا ہنر انہیں آتا ہے۔ ان کے لئے محبت اور انسانیت ایک دائمی قدر کی حیثیت رکھتی ہے اور اختلاف کی عارضی اور عبوری اہمیت ہے۔ اختلاف ان کے نزدیک تعلق کو پرکھنے یا نباہنے کا پہمانہ نہیں ہے۔ ان کی محبت مشورے پر ختم نہیں ہو جاتی بلکہ عملی اقدامات کی منزل تک لے جاتی ہے۔ کسی بیمار کو وہ شفا خانہ کا پتہ نہیں بتاتے بلکہ کوشش یہ ہوتی ہے کہ اسے مکمل علاج کے لئے اس میں داخل کرا دیا جائے۔ وہ اپنی محبت کا ثبوت زبان نہیں عمل سے دیتے ہیں اور محبت میں مفاد کو مد نظر نہیں رکھتے۔ اپنی ذات سے فیض پہچانے میں وہ بخل سے کام نہیں لیتے۔ اس باب میں ان کا وطیرہ اوروں سے الگ ہے۔

نصرت ظہیر کو میں نے نزدیک سے دیکھا ہے اور دور سے بھی۔ مگر دونوں میں کوئی دوری نظر نہیں آئی۔ جبکہ اکثر شخصیات میں یہ دوری نمایاں نظر آتی ہے۔ ان کی شخصیت نیم دروں نیم بروں ہے اور نہ ہی دو لخت۔ شاید یہی وجہ ہے کہ ان کی تحریروں سے میری جتنی والہانہ شیفتگی ہے اتنی ہی ان کی شخصیت سے بھی ہے۔

میں بہت کم لوگوں سے ذہنی قربت محسوس کرتا ہوں کہ دوغلی ذہنیت سے مجھے شدید نفرت ہے مگر نصرت ظہیر سے ذہنی قربت کی وجہ یہی ہے کہ دوسرے ادیبوں کی طرح ان کے یہاں دوغلا پن نہیں ہے۔ وہ منہ در منہ بات کہنے کی جرات رکھتے ہیں۔ وہ اس غیبت کدہ کا حصہ نہیں بنے جو ادیبوں کے مکان کو گھر میں تبدیل کر چکا ہے۔

میں ان کی تحریروں کے ماضی، حال اور مستقبل سے بھی ایک خاص لگاو رکھتا ہوں۔ ان کی تحریریں ذہن کو شاداب اور شگفتہ رکھتی ہیں اور عصری آگہی کے دروازے بھی کھولتی ہیں۔ ان کی کئی کتابوں سے میری آنکھوں کا گہرا رشتہ رہا ہے۔ باوجودیکہ وہ طنزیہ مزاحیہ ہیں مگر نصرت ظہیر کی کتاب پڑھتے ہوئے میں بہت ہی سنجیدہ ہو جاتا ہوں۔ پتہ نہیں کیوں مجھے مزاح میں سب سے زیادہ سنجیدگی نظر آتی ہے۔ میں ہنسی کے داخلی خارجی محرکات اور اس کی عضویاتی تشکیل، فکریاتی ترتیب، محرکاتی عوامل اور اس کے ساختیاتی عناصر اور جملہ مظاہر و ظواہر، عوارض و معارض، عوارف و معارف پہ غور کرنے لگتا ہوں جبکہ مجھے ایک انسان ہونے کے ناطے مسکرانا چاہیے کہ ما بعد جدید اصطلاح میں کہا جائے تو مسکراہٹ حیوان و انسان کا افتراقی نشان ہے۔ انسان ایک ہنسوڑ جانور ہے اور اس جبلت انسانی سے حیوان محروم ہے۔ یہ ایک حد فاصل اور نشان امتیاز تھا مگر بعد میں تحقیق سے یہ پتہ چلا کہ اس جبلت میں بھی حیوان کا اشتراک ہے یعنی کچھ بندر ایسے ہیں جو نہ صرف ہنسنے پر قادر ہیں بلکہ انسانوں سے زیادہ بہتر انداز میں بہت ہی سلیقہ اور متانت کے ساتھ ہنستے ہیں۔ ہنسی کے ابتدائی، ارتقائی اشکال و ظواہر پر غور کرنے کے لیے جب ہنسی کے محققین و مفکرین کی سنجیدہ رائیں پڑھیں تو پتہ چلا کہ ہنسی انسانی اعصاب کی آسودہ حالت کا عضوی اظہار ہے۔ طبی، مابعد الطبیعاتی، حیاتیاتی اور نفسیاتی تناظر میں ہنسی کے فلسفے پر غور کیا تو علی ابن ربان طبری، ابو حیان التوحیدی، اسحاق بن عمران، ابن مطران کے خیالات بھی نظر سے گزرے جنہوں نے ہنسی کے فلسفیانہ نکات اور جہات پر بہت ہی فکر انگیز روشنی ڈالی ہے۔ بعض لوگ ہنسی کو روح کا تحیر بھی قرار دیتے ہیں تو بعض کے خیال میں ہنسی ایک حیاتیاتی تعیش ہے۔ ہربٹ اسپنسر نے اسے دماغ کی فاضل قوت کے اخراج کا نام دیا ہے تو تھامس ہابز کی نظر میں یہ اخلاقی شر ہے اور ایمرسن بھی اسے انسانی کمزوری قرار دیتے ہیں۔ ایمانوئیل کانٹ، شوپنہاور نے بھی ہنسی کی فلسفیانہ توجیہ کرتے ہوئے کچھ ایسے ہی خیالات کا اظہار کیا ہے۔ برگساں ہنسی کو سماجی اقدار کا محافظ ہی نہیں بلکہ زندگی کی تخلیقی جہت کو بحال رکھنے کا ذریعہ بھی قرار دیتے ہیں۔ فرائیڈ نے اسے توانائی میں بچت کا نظریہ قرار دیا ہے۔ غرضیکہ ہنسی نے وحشیت سے تہذیبیت تک ایک طویل سفر طے کیا ہے۔ اب اسی تہذیبی مظہریت کا مجموعہ ہے بقلم خود جس میں نصرت ظہیر کے تقریباً ۸۲ مضامین شامل ہیں اور ہر مضمون اپنی جگہ اہمیت رکھتا ہے مگر میں نے صرف انہیں مضامین کی قرأت پہ قناعت کی ہے جو ادب سے متعلق ہیں۔ ان تحریروں میں نصرت ظہیر ادب کے ایک بڑے ناقد کی صورت ابھرتے ہیں۔ خدا جھوٹ نہ بلوائے آج کل کے مکتبی، مدرسی ناقد سے بہت بڑے … ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ادب کے جملہ خارجی و داخلی منظر نامے پر ان کی گہری نظر ہے۔ محمد حسن صاحب کو نصرت ظہیر کی شکل میں ریگستان میں نخلستان نظر آیا ہے اور یہ سچ ہے کہ نصرت ظہیر نے نخلستان میں کھڑکیاں کھول دی ہیں جن سے آنے والی تازہ ہواؤں کے جھونکوں سے روح معطر ہوتی ہے اور ذہن سرشار۔ نصرت ظہیر کی خوبی یہ ہے کہ وہ ’’سہل ممتنع‘‘ میں ’’مزاح‘‘ لکھتے ہیں اور حسن تعلیل، مراعاۃ النظرہ اور دیگر صنائع و بدائع کا بہت ہی خوبصورتی سے استعمال کرتے ہیں۔ ان کی تحریروں میں وہ ضعف تالیف نہیں ہے جو آج کے کچھ مزاحیہ نگاروں کے یہاں بطور علت موجود ہے۔ چند اقتباسات دیکھیں:

’’ہمارے چاروں طرف اتنے ادبی ڈاکٹر پیدا ہو گئے ہیں کہ بیچارہ ادب بیمار پڑ گیا ہے۔ جدھر جاتا ہوں ادھر ایک نقاد راستے میں کھڑا ملتا ہے۔ یہاں تک کہ سڑک پر پڑی ہوئی کوئی اینٹ اٹھاؤ تو اس کے نیچے بھی کوئی نقاد موجود ہو گا جو اینٹ کے ہٹتے ہی کہے گا، جناب مجھے اس بارے میں کافکا کی رائے سے قطعی اتفاق نہیں جو اس نے بالزاک پر روسو کی رائے سے سارتر کے اختلاف کے حق میں دی تھی۔‘‘

ایک اوراقتباس دیکھیں:

چند ہفتے بعد ایک روز شام کا کھانا بنانے کے لیے باورچی خانے میں داخل ہونے سے پہلے بندو میاں نے اعلان کیا:

’’الحمد للہ! بعد از تحقیق بسیار، یہ امر پایہ ثبوت کو پہنچا کہ اردو ادب میں سب سے اعلیٰ اردو ادب کتابوں، رسالوں اور اخبارات میں نہیں بلکہ ٹرکوں پر تحریر ہوا ہے۔‘‘

’’مثلاً کچھ شعر بھی ہیں جن سے اردو ادب ٹرکوں کی بدولت ہی رو شناس ہوا ہے۔ مثلاً ایک ٹرک نے کہا ہے:

رات تو رات ہے اب دن کو بھی آرام نہیں

وہ مسافر ہوں مری صبح کہیں شام کہیں

یا یہ شعر ہے کہ:

میں کہاں رکتا ہوں عرش و فرش کی فریاد سے

مجھ کو جانا ہے بہت آگے مراد آباد سے

ایک اور ٹرک کہتا ہے:

ہٹ جاؤ بستی والو آیا ٹرک ہمارا

حافظ خدا تمہارا حافظ خدا تمہارا

ایک ٹرک نے تو میاں حد ہی کر دی۔ کہتا ہے:

اے ٹائر لاہوتی اس ٹیوب سے موت اچھی

جس ٹیوب سے آتی ہو پرواز میں کوتاہی

اس ٹرک کا دوسرا شعر یہ ہے:

تو جو جھکے تو کچھ نہ ہو۔ میں جو جھکوں خبر بنے

تیری نماز اور ہے، میری نماز اور ہے!‘‘

’’بہت خوب!‘‘

’’یہ تو ہے شاعری۔ دوسرا پہلو ترسیل کا ہے جو آج کے ادب کا سب سے اہم مسئلہ ہے اور آپ تو جانتے ہیں کہ ٹرک کا تو کام ہی ترسیل ہے۔ ترسیل میں آج کا ٹرک آج کے شاعر سے میلوں آگے ہے۔ ہمارے ٹرک جموں کی شاعری کو کنیا کماری اور کلکتہ کے ادب کو بمبئی پہنچا دیتے ہیں اور وہ بھی رات کو ڈپر کا استعمال کئے بغیر۔ بس ان ہی باتوں کو جوڑ جاڑ کر ٹرک اور اردو ادب کے موضوع پر ایک تحقیقی مقالہ سپرد قلم کر دیا ہے۔ آگے اللہ مالک!‘‘

’’کیا کہنے ہیں۔ تم ضرور تحقیقی ادب میں اپنا نام روشن کرو گے۔‘‘ ہم نے کہا۔

’’مگر ایک بات کا مجھے بڑا افسوس ہے بھائی میاں!‘‘

’’وہ کیا؟‘‘

’’یہ کہ ادب کی اتنی خدمت کے باوجود اردو اکادمیوں نے آج تک کسی ٹرک کو ادبی ایوارڈ نہیں دیا جب کہ ناکارہ اور کھٹارہ چھکڑے اعزازات سے لدے پھندے پھر رہے ہیں۔‘‘

یہ چند سطریں اردو تحقیق کی زبوں حالی پر لکھی گئی ہیں۔ یہ پچاسوں صفحات پر بھاری ہیں۔ نصرت ظہیر نے اسی طرح اردو ادیبوں کے امراض مخصوصہ کی تشخیص بھی بہت ہی کاٹ دراز انداز میں کی ہے۔ ان کی ہر تحریر سے ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے ادب کے بہت ہی گہرے پارکھ اور نباض ہیں۔ مثلاً ایک مباحثے کی پیروڈی میں وہ لکھتے ہیں اور کتنی سچی صورتِ حال کی عکاسی کرتے ہیں:

’’ایک نقاد نے کھنکھار کر گلا صاف کیا اور ٹائی درست کرتے بولا۔

ناول دکان میں فاضل مصنف نے جس طرح عصر حاضر اور عصر غیر حاضر کے نفسیاتی، اعصابی اور روحانی بحران کی عکاسی کی ہے۔ اس کی دوسری مثال اردو ادب تو کیا افریقی ادب میں بھی مشکل سے ملے گی۔ ناول کا مرکزی کردار اپنی پان بیڑی سگریٹ کی دوکان کو ڈیمالیشن اسکواڈ سے بچانے کے لیے جس طرح ڈی ڈی اے، ایم سی ڈی اور ایم ڈی ایم سی والوں سے جوجھتا ہے اور پھر وجیلنس سیل اور اینٹی کرپشن ڈپارٹمنٹ والوں کی مدد سے ایک ایک کر کے ان اداروں کے بد عنوان افسروں کو رنگے ہاتھوں پکڑوا کر اخباروں میں سنگل کالمی خبریں چھپواتا ہے۔ اسے پڑھ کر محسوس ہوتا ہے کہ مصنف وجودیت کے فلسفے میں گہرا یقین رکھتا ہے جو ایک قابل تحسین بات ہے!‘‘

وجودیت کے ذکر پر دوسرے کونے میں بیٹھے ہوئے ایک نقاد کے کان کھڑے ہوئے، جو اوّل الذکر نقاد کے مخالف گروپ سے تعلق رکھتا تھا۔ اس نے فوراً اپنے سامنے رکھے مائک کا بٹن دبا دیا اور بولا:

’’معاف کیجئے حاضرین، مجھے اس سے سخت اختلاف ہے۔ ناول دکان میں وجودیت کے فلسفے کا نہیں بلکہ عدم وجودیت کے فلسفے کا اثر زیادہ ہے۔ کیونکہ مصنف نے دکھایا ہے کہ تمام خارجی عناصر پان بیڑی سگریٹ کی دکان سے وجود کو عدم میں تبدیل کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔ بلکہ ایک خارجی عنصر تو وہاں چھولے بھٹورے کی دکان کھولنا چاہتا ہے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ…‘‘

یہ سنتے ہی پہلے والے نقاد کا پارہ چڑھ گیا۔ مخالف گروپ کے نقاد کی بات کاٹتے ہوئے اس نے کہا:

’’اس سے قطعی ظاہر نہیں ہوتا کہ یہ عدم وجودیت کی بات ہے۔ ناول کا مرکزی کردار جو کہ ایک یتیم اور بظاہر بے آسرا، تنہا رہنے والی قبول صورت لڑکی ہے، اپنی دکان کے وجود کو قائم رکھنے پر مصر ہے۔ لوگ کہتے ہیں عورت ذات کا بیڑی سگریٹ سے کیا تعلق؟ اس سے لڑکی کی انا کو ٹھیس پہنچتی ہے۔ وہ بپھر جاتی ہے اور خارجی عناصر کی تمام داخلی کوششوں کو ناکام بنا دیتی ہے۔ اس لیے کہا جا سکتا ہے کہ…‘‘

نصرت ظہیر نے بہت ہی خوبصورتی کے ساتھ ادبی بقراطوں کی دستارِ علمیت کو اچھالا ہے اور ان کی قلعی کھولی ہے۔ سچ ہے اردو کے زیادہ تر ادیب و نقاد کاغذ کے ناؤ پر سوار ہیں اور میں نصرت ظہیر کی محولہ بالا بات سے اتفاق کرتا ہوں کہ ان کے یہ مضامین ادبی مریضوں کے لیے بو علی سینا، حکیم اجمل خان اور اطبائے مشاہیر کے حاذق اور بیاضِ کبیر کے نسخوں کی طرح ہیں۔ نصرت ظہیر نے عمل جراحی کا مشکل کام بہت ہی سرلتا سے انجام دیا ہے۔ ’’بقلم خود‘‘ یوں تو سیاسی اور معاشرتی سماجی موضوعات بھی ہیں۔ ان میں بھی وہی دل فریبیاں، مسکراہٹیں، قہقہے ہیں اور ان قہقہوں کے پیچھے ایک انسان کا درد چھپا ہوا ہے کہ وہ انسان اپنے معاشرے کو جس آئینے میں دیکھتا ہے وہ آئینہ سماج کے سامنے پیش کر دیتا ہے۔ مگر ہمارے سماج نے اپنے چہروں پر اتنے نقاب ڈال لیے ہیں کہ اب انہیں کسی آئینے کی ضرورت نہیں رہی۔ نصرت ظہیر صاحب کا یہ کام کرتے جائیے اللہ بھلا کرے گا۔ آپ کی تحریر میں واقعتاً بہت دم ہے۔ آپ سدا تازہ دم رہیں اور اسی طرح لکھتے رہیں۔

میں نہ کوئی خلیق انجم ہوں نہ محمد حسن۔ نہ کوئی بڑا شارح متن… کہ آپ کی تحریروں کی گہرائیوں میں اتر کر لکھوں اور آپ کے متن کی تہہ در تہہ قرأت کروں اور ساختیاتی طریق قرأت کر بروئے کار لا کر ایسے معانی، مفاہیم اور مطالب نکالوں جو لکھتے وقت آپ کے حاشیہ خیال میں بھی نہ رہے ہوں گے، آپ تو سیدھی سچی باتیں لکھتے ہیں۔ مولوی اسماعیل میرٹھی کی طرح رب کا شکر ادا کر بھائی جس نے ہماری گائے بنائی جیسی سمجھ میں آ جانے والی نثر لکھتے ہیں۔ میں تو بس ایک ادنیٰ قاری ہوں۔ میں نے آپ کو پڑھا ہے اور جی چاہتا ہے کہ ہمیشہ آپ کی تحریریں پڑھتا رہوں اور اپنے سینے میں جذب کرتا رہوں۔

٭٭٭

 

One thought on “ایک چہرے والا آدمی: نصرت ظہیر ۔۔۔ حقانی القاسمی

  • بہت خوب
    نصر ظہیر صاحب ہمارے ایک عزیز کے سسر (جو ہمارے برابر میں رہتے ہیں اور یہیں اپنی لڑکی کے گھر نصرت صاحب نے آخری سانس لیا) اور ہمیں بہت پسند ہیں انکا آبائی مکان بھی ہما رے گھر سے چند گز کی دوری پر ہے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے