یہ سچ ہے … جو سچ لگ رہا ہے
وہی سچ تو سب سے بڑا جھوٹ ہے
مجھے دیکھتے ہو … یہ تصویر دیکھو
یہ تصویر میری بہت ہی پرانی، کئی سال پہلے کی ہو گی
تو اس میں جو سچ ہے … وہ اب سچ کہاں
جھوٹ ہے
اور سوچو اگر
یہ بازار … دفتر … وہ میرا مکاں
یہ دنیا جو اک کیمرے میں مقید ہے
( دنیا جو اتنی پرانی ہے
اور یہ آج کا کیمرا)
کوئی اپنی انگلی گھما دے ذرا
بس اِدھر سے اُدھر
تو پھر تم کہاں … میں کہاں
یہاں ہم نہیں بس ہماری کئی
چلتی پھرتی ہوئی مووی (MOVIE)تصویریں ہیں
یہی بات تو میں تمہیں کب سے سمجھا رہا ہوں !!
٭٭٭