عرفان ستّار ۱۸ فروری ۱۹۶۸ میں کراچی میں پیدا ہوئے۔ ابتدائی تعلیم لیبیا کے شہر البیضا میں حاصل کی جہاں ان کے والد جو ڈاکٹر تھے، بغرض ِ ملازمت مقیم تھے۔ لیبیا سے واپسی پر کراچی کے بی وی ایس پارسی ہائی اسکول سے میٹرک، اور ڈی جے سائنس کالج سے ۱۹۸۶ میں انٹر اور ۱۹۸۹ میں بی ایس سی کیا۔ ۱۹۹۲ میں انسٹیٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن (I.B.A.) سے MBA کی تعلیم مکمل کی۔ چند برسوں بعد ۲۰۰۴ میں SZABIST, Karachi سے مینیجمنٹ سائنس میں MS کی ڈگری حاصل کی۔ مختلف اداروں میں اعلٰی عہدوں پر فائز رہے۔ ۲۰۱۰ میں کینیڈا منتقل ہو گئے اور اب ٹورانٹو میں مستقل سکونت ہے۔
شاعری کا آغاز کالج کے دنوں میں ہوا، اور ڈی جے سائنس کالج کے مجلّے ’’مخزن‘‘ کے ایڈیٹر بھی رہے۔ ۱۹۹۵ میں جون ایلیا سے ملاقات کے بعد تخلیقی معاملات میں سنجیدگی آئی اور ادبی جریدوں میں کلام شائع ہونا شروع ہوا۔ پہلا اور تا حال شعری مجموعہ ’’تکرار ِ ساعت‘‘ ۲۰۰۵ میں شائع ہوا اور ادبی حلقوں میں بےحد پذیرائی سے نوازا گیا۔
شاعری میں غزل ان کی محبوب ترین صنف ہے۔ شاعری کے علاوہ تنقیدی مضامین اور کتابوں پر تبصرے بھی لکھتے رہے اور اردو کے روزنامے جسارت کے ادبی صفحے کے لیے کیے گئے ان کے انٹرویوز بھی ادبی حلقوں میں بہت اہم سمجھے جاتے ہیں۔
٭٭٭