مجھے کہنا ہے کچھ ۔۔۔۔۔۔

نئے سال کے دوسرے شمارے اور ’سمت‘ کی تاریخ کے ۵۴ ویں شمارے کے ساتھ حاضر ہوں۔ اس بار وطنِ عزیز  کم از کم وائرس کے مظالم سے آزادی کی طرف بڑھ چلا ہے۔ اور نئے فعال کیسیز ہزار کے آس پاس رہ گئے ہیں، خدائے عز و جل کا لاکھ لاکھ شکر ہے۔ ان شاء اللہ مکمل نارمل حالات ہونے کی امیدیں روشن نظر آنے لگی ہیں۔ اگرچہ کچھ ممالک میں اس وبا کا قہر پھر بڑھ رہا ہے۔

پچھلے سہ ماہی میں ہم سے بچھڑنے والے ادیبوں کا ذکر ہمیشہ کی طرح اس بار بھی شامل ہے۔ سرفراز شاہد اگرچہ دسمبر کے آخر میں  ہی انتقال کر چکے تھے، لیکن ان کو ان کے کچھ منتخب کلام کے ساتھ اس شمارے میں یاد کیا جا رہا ہے۔ اسی طرح ایک اور اہم شاعر ابراہیم اشکؔ کو بھی ان کے کچھ کلام کے ذریعے یاد کیا جا رہا ہے۔ لیکن جس کے ساتھ میری یادیں بھی وابستہ رہی ہیں، یعنی مظفر حسین سیّد، جن پر دو مضامین شامل ہیں۔ اور جن کے وہی دو مضامین بھی شامل ہیں جو انہوں نے قاضی عبد الستار کے انتقال پر مجھے بھیجے تھے۔ میری فرمائش پر انہوں نے قاضی صاحب پر اپنے تین مختلف مضامین بھیجے تھے، میں نے ایک تو قاضی صاحب کے گوشے میں شامل کر لیا تھا ، لیکن باقی مضامین اب تک رکھے تھے۔ افسوس یہ ہے کہ خود میں نے نو صفحات کا مضمون مکمل کر لیا تھا جس میں تقریباً دو ہفتے لگے تھے، اور وہ مضمون ’سمت‘ کی فائل میں ہی ٹائپ کیا جا رہا تھا، یعنی اس کا الگ سے بیک اپ بھی نہیں لیا گیا تھا کہ میرے لیپ ٹاپ نے دھوکا دے دیا۔ فائل محفوظ کی جا رہی تھی کہ اچانک لیپ ٹاپ بند ہو گیا، دوبارہ کوشش کی آن کرنے کی تو مردہ بیٹری کی نشان دہی ملی۔ بیٹری چارج کرنے کے بعد پھر آن کیا تو یہ سمت کی فائل تو موجود تھی، مگر اس کا سارا متن غائب!!! اپنے مضمون کی بربادی کا بہت افسوس ہوا اور اب تک ہے، بلکہ اس کا زیادہ افسوس ہے کہ دو بارہ وہی مضمون لکھنے کی اب ہمت نہیں رہی! باقی مضامین جو اس وقت تک اس فائل میں شامل کر چکا تھا، وہ تو دوبارہ یادداشت کے مطابق، ان کے مسودوں سے حاصل کر کے دوبارہ ایڈٹ کر لئے گئے (اور اگر کچھ بھول گیا ہوں اور احباب کو یاد ہے کہ انہوں نے کوئی تخلیق بھیجی تھی، یا میں نے کسی تحلیق کا وعدہ کیا تھا، مگر اس شمارے میں شامل نہیں ہو سکی ہے تو اطلاع دیں، یا دو بارہ بھیج دیں کہ شامل کی جا سکے۔) اور یہ نئی فائل تیار کی گئی ہے۔

اس شمارے سے تصنیف حیدر کا ناول ’نیا نگر‘ قسط وار شروع کیا جا رہا ہے، اس بار اس کی پہلی قسط ملاحظہ کریں۔

امید ہے کہ یہ شمارہ بھی آپ کو حسب معمول پسند آئے گا۔

ا۔ ع۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے