حمایت علی شاعر: اک جبرِ وقت ہے کہ سہے جا رہے ہیں ہم ۔۔۔۔ امجد اسلام امجد

ساری اُردو دنیا کے لیے حمایت علی شاعر اور ہمارے ادبی حلقوں کے حمایت بھائی بھی ایک خاصی طویل علالت کے بعد اُس علاقے کی طرف رجعت کر گئے جہاں ہر ذی روح انسان کے نام کی تختی اُس کا انتظار کر رہی ہے دیکھنے والی بات صرف یہ رہ جاتی ہے کہ آپ جب تک جیئے کیسے جیئے اور یہ کہ لوگ آپ کے جانے کے بعد آپ کو کن لفظوں میں اور کتنا یاد رکھتے ہیں، اس اعتبار سے دیکھا جائے تو حمایت بھائی کی زندگی کے ترانوے برس بلاشبہ اُن زندگیوں میں شمار ہوتے ہیں جو پسندیدہ اور قابلِ فخر کے دائرے میں گردش کرتی ہیں۔

یوں تو اُس زمانے میں کئی باکمال شاعر ترنم سے اپنا کلام پیش کرتے تھے مگر جن تین شاعروں کا ترنم اُن کی پہچان بنا وہ جمیل الدین عالیؔ، مظفر وارثی اور حمایت علی شاعر ہی تھے۔ میں نے اتفاق سے ان تینوں احباب کے ساتھ مشاعرے پڑھے۔ بیرون ملک سفر کرنے اور ان کو ایک ہی مشاعرے میں بارہا ایک ساتھ سننے کا موقع بھی ملا ہے جو ہماری پوری نسل کے لیے ایک تحفے اور خوبصورت یاد سے کم نہیں لیکن حمایت بھائی کی شخصیت کا اصل روپ اُن کی زندگی، انصاف، انقلاب اور انسانی حقوق کی وہ پاسداری تھی جس نے اُن کی شاعری اور نظریات میں ایک انوکھی طاقت بھر دی تھی.

وہ ایک اہلِ نظر، صائب الرائے اور صاحبِ فکر لکھاری تھے اُن کی نظمیں ہوں، غزلیں یا ثلاثی یا نثری تحریریں اور مصاحبے ہر جگہ اُن کا گہرا مطالعہ حیات اور سماج سے کمٹمنٹ ایک واضح اثر چھوڑتے نظر آتے ہیں وہ ایک خوش وضع اور خوش گفتار انسان تھے اور اُن سے بات کر کے یا اُن کا کلام سن یا پڑھ کر ہمیشہ فرحت اور اپنائیت کا احساس ہوتا تھا۔ اپنے انتہائی مقبول اور خوش آہنگ ترنم کے باوجود وہ ہر شعری محفل میں اپنی فکر انگیز اور زندگی آمیز نظمیں ضرور سناتے تھے اور یوں ساقیؔ کے اُس شعر کی عملی تائید کرتے تھے کہ

اہلِ معنی کو ہے لازم سخن آرائی بھی

بزم میں اہلِ نظر ہی ہیں تماشائی بھی

گزشتہ چند برسوں سے وہ مسلسل علیل چلے آ رہے تھے اور اُن کے صاحبزادے عزیزی اوجِ کمال سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق اُن کی یادداشت بھی بہت زیادہ متاثر ہو گئی تھی جس کی وجہ سے اُن کا کہیں آنا جانا اور ملنا جلنا بھی بہت محدود ہو گیا تھا۔ گزشتہ برس کینیڈا کے ایک دورے کے درمیان باوجود کوشش کے اُن سے ملاقات نہ ہو سکی کہ اُن کے وہاں مقیم بچوں کے بقول وہ اب بہت کم کسی کو پہچان پاتے تھے اُن کے ساتھ کیے ہوئے سفر اور اُن سے کی ہوئی ملاقاتوں اور باتوں کا ایک ہجوم سا اس وقت مجھے گھیرے ہوئے ہے لیکن میں اس ذکر کو کسی اور وقت پر اُٹھاتے ہوئے اُن کے چند اشعار کی صحبت میں آپ کو بھی ساتھ رکھنا چاہتا ہوں کہ شاید اس کی معرفت ہم اپنے اس جانے والے عزیزی دوست کو زیادہ بہتر خراج تحسین پیش کر سکتے ہیں۔

میں کچھ نہ کہوں اور یہ چاہوں کہ مری بات

خوشبو کی طرح اُڑ کے ترے دل میں اُتر جائے

’’سیاست‘‘ کے عنوان سے لکھی گئی اُن کی ہی آٹھ لائنوں پر مشتمل نظم ہمیشہ سے میری پسندیدہ رہی ہے۔

یہ سیاست بھی کیا عجب شے ہے!

میں سمجھتا ہوں میں بھی حق پر ہوں

تم سمجھتے ہو تم بھی حق پر ہو

میں تمہیں مار دوں تو تم ہو شہید

تم مجھے مار دو تو میں ہوں شہید

میں ہوں یا تم، یہاں بفضلِ خدا

سب شہیدوں کی صف میں شامل ہیں

سب یزیدوں کی صف میں شامل ہیں

ہیئت کے اعتبار سے تین مصرعوں پر مشتمل نظموں کو طرح طرح کے نام دیے گئے ہیں مگر حمایت علی شاعر نے انھیں ’’ثلاثی‘‘ کا عنوان دیا ہے اس کے کچھ نمونے دیکھیئے۔

کس طرح تراش کر سجائیں

ان دیکھے خیال کے بدن پر

لفظوں کی مِلی ہوئی قبائیں

 

شب کو سورج کہاں نکلتا ہے

اس جہاں میں تو اپنا سایا بھی

روشنی ہو تو ساتھ چلتا ہے

 

مرنا ہے تو دنیا میں تماشا کوئی کر جا

جینا ہے تو اک گوشہ تنہائی میں اے دل

معنی کی طرح لفظ کے سینے میں اُتر جا

 

اپنی زمیں کا حسن تھا اپنی نظر سے دُور

دنیا کو ماہتاب سے دیکھا تو یہ کھُلا

ہم ہوں اگر بلند تو یہ خاک بھی ہے نُور

 

اور اب چند غزلیہ اشعار کہ جن میں سے بیشتر اپنے انداز اور لہجے سے ہی اپنے لکھنے والے کا پتہ دے رہے ہیں۔ ربِ کریم اُن کی رُوح کو اپنی امان میں رکھے۔

 

چہرے پہ عمر بھر کی مسافت رقم سہی

دل کے لیے تمام سفر لمحہ بھر کا تھا

 

آتش کدہ دل کو ہَوا کیوں نہیں دیتے

پتھر تو نہیں لوگ، صدا کیوں نہیں دیتے

بیٹھے ہو جو یوں جسم کی قبروں میں سمٹ کر

کتبہ بھی سرِ قبر لگا کیوں نہیں دیتے

…………

اک جبرِ وقت ہے کہ سہے جا رہے ہیں ہم

اور اس کو زندگی بھی کہے جا رہے ہیں ہم

اعجاز دیدنی ہے ، طلسمِ سراب کا

دریا رکا ہوا ہے ، بہے جا رہے ہیں ہم

 

شبِ سیہ میں چراغِ نظر تری آنکھیں

رہِ حیات میں رختِ سفر تری آنکھیں

تو ساتھ ہو کہ نہ ہو زندگی کی راہوں میں

رہیں ہمیشہ مری ہم سفر، تری آنکھیں

٭٭٭

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے