وزیر کوٹ کسی جگہ کا نام نہیں ۔۔۔ نصیر احمد ناصر

وزیر کوٹ کسی جگہ کا نام نہیں

 

(وزیر آغا کی یاد میں)

 

               نصیر احمد ناصر

 

وزیر کوٹ کسی جگہ کا نام نہیں

تو پھر وہ کیا ہے،

کس اٹلس کا علاقہ ہے،

کون سی نقطہ گاہ ہے؟

جہاں وہ دھرتی کا ابھار بن کر

حالتِ دوام میں لیٹا ہوا

زمانوں کا سکوت نظما رہا ہے

وزیر کوٹ، جہاں میں کئی بار گیا ہوں

اور پاپلر کی لمبی قطاروں کے درمیان

ایک مدبر سائے کے ساتھ سیر کرتے ہوئے

کتنی جگہوں اور نا جگہوں سے گزرا ہوں

جہاں کتابوں کے ڈھیر میں بچھے ہوئے

صوفوں پر

لوگوں کے بجائے لفظوں کو

آرام کرتے ہوئے دیکھا

اور بھنے ہوئے پنیر اور چائے کی تواضع میں

دو چھوٹی چھوٹی آنکھوں کو

آنے والے کی محبت

اور خوشی سے لبریز پایا

وزیر کوٹ کسی جگہ کا نام نہیں

وزیر کوٹ ایک شخص تھا

شخصیت سے اٹا اٹ

آنکھوں ، سایوں ، باتوں اور لفظوں سے بھرا ہوا

جو کسی کو خالی نہیں ہونے دیتا تھا!

٭٭٭

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے