نظمیں ۔۔۔ اسنیٰ بدر

نئی نظم

________

جب میں نظم لکھ رہی تھی

آواز آئی..

واشنگ پاؤڈر کتنا پڑے گا؟

نظم نے مجھے جھنجھلا کر دیکھا

میں نے دھیرے سے کہا،

ایک کپ۔

جب میں نظم لکھ رہی تھی

آواز آئی…

دس کپڑے یا بارہ؟

نظم نے مجھے غصے سے دیکھا

میں نے ہاتھ جوڑ کے معافی مانگی

جلدی سے بتایا،

دس۔

جب میں نظم لکھ رہی تھی

آواز آئی…

ہائی یا میڈیم؟

نظم نے مجھے نفرت سے گھورا

میں نے اس کے پاؤں پکڑ لئے

فون پہ میسج کیا،

ہائی۔

جب میں نظم لکھ رہی تھی

آواز آئی

تم ابھی تک بیٹھی ہو؟؟

ایک بج رہا ہے

نظم نے جاتے ہوئے زور سے دروازہ بند کیا

چٹخنی سے کیل نکل کے گر گئی

میں نے کیل اٹھا کر الماری میں رکھ دی

باورچی خانے میں آ گئی

مشین چل پڑی تھی

نظم کے تھپڑ سے ابھی بھی گال سرخ ہے

٭٭٭

 

فاصلہ

__________

 

 

اگر میں نے مخاطب کو

جواب اس وقت بڑھ کر دے دیا ہوتا

تو یہ الجھن نہیں ہوتی

جو گھر تک ساتھ آئی ہے

مگر کیا کیجیے

سارے جواب آتے ہیں

لیکن تین گھنٹے بعد

یا پھر شام کو

یا رات ہونے تک

مخاطب کے سوالوں کے

تعاقب میں

مری رفتار مدھم ہے

بلند آواز کی زد میں

مری گفتار مدھم ہے

سخن کے ٹھیک موقع پر

مری تکرار مدھم ہے

ہمیشہ سے

یہی اک فاصلہ حائل رہا ہے

مخاطب مجھ سے آگے

کافی آگے چل رہا ہے

٭٭٭

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے