مجھے کہنا ہے کچھ ۔۔۔۔

پھر نیا شمارہ لے کر حاضر ہوں۔ اور اس شمارے کے ساتھ ’سمت‘ کے تیرہ سال مکمل ہو رہے ہیں۔ قارئین کو بھی یہ وقوعہ مبارک ہو۔

اس عرصے کو مڑ کر دیکھتا ہوں تو یہ بھی احساس ہوتا ہے کہ اب اس جریدے کی ضرورت نہیں رہی۔ نومبر ۲۰۰۵ء میں جب اس کا پہلا شمارہ شائع کیا تھا، اس وقت مقصد تھا کہ کمپیوٹر اور انٹرنیٹ پر اردو تحریر (یونی کوڈ) کو عام کیا جائے، کہ اس وقت تو اکا دکا ویب سائٹس کو چھوڑ کر ’اردو‘ کہی جانے والی ساری ہی ویب سائٹس تصویروں پر منحصر تھیں۔ دھیرے دھیرے اس کارواں میں لوگ شامل ہوتے گئے اور اگرچہ پہلے دس سالوں میں بھی احباب کو یہ خوش گوار حیرت ہوتی تھی کہ کمپیوٹر پر بھی اردو لکھی جا سکتی ہے!! لیکن اس کے بعد۔۔۔۔ سمارٹ فونس کے عام ہونے نے صحیح معنوں میں انقلاب لا دیا۔ ایک طرف سوشل میڈیا۔۔ فیس بک، ٹوئیٹر، واٹس ایپ روز بروز مقبولیت کی سیڑھیاں چڑھتے رہے، تو دوسری طرف اینڈرائڈ فونس میں اردو کی بآسانی شمولیت اور آسان استعمال کے باعث تحریری اردو یعنی یونیکوڈ کا استعمال دن دونی رات چوگنی ترقی کرتا رہا۔ اور پھر گوگل کے نوٹو نستعلیق فانٹ نے نستعلیق اردو کو بھی انٹر نیٹ پر ترسیل عام میں اضافہ کیا۔ اب اکثر اردو کی ویب سائٹس اسی نستعلیق خوبصورتی کے ساتھ سمارٹ فونوں میں بھی نظر آتی ہیں۔

ادھر گوگل نے ہی تصویری اردو سے بنی پی ڈی ایف فائلوں کو اردو تحریر میں بدلنے کا (تکنیکی اصطلاح میں Optical Character Recognition OCR) کافی حد تک کامیاب تجربہ کر لیا ہے۔ اب تلاش کے نتائج میں پی ڈی ایف فائلوں کے بھی روابط مل جاتے ہیں، یعنی ان میں بھی تلاش ممکن ہو گئی ہے!!

الحمد للہ، اب اردو کی جو صورت حال ہے، وہ اتنی امید افزا ہو گئی ہے کہ ’سمت‘ کی ضرورت محسوس نہیں ہوتی۔ کیا خیال ہے؟ اسے بند کر دیا جائے؟

اس سہ ماہی میں بھی کئی دئے بجھ گئے ہیں اور تاریکی اور بڑھ گئی ہے۔  ہروفیسر سلیمان اطہر جاوید، اردو انگریزی صحافی کلدیپ نیّر اور ہندی شاعر گوپال داس نیرج کی رحلت نے اردو دنیا کو بھی سوگوار کر دیا ہے۔

ا۔ ع

10 thoughts on “مجھے کہنا ہے کچھ ۔۔۔۔

  • محترمی عبید صاحب،
    اسلام علیکم، اجی قبلہ، سمت کا سلسلہ بند کرنے کا خیال کیسے آگیا۔ 13 برسوں میں سمت پڑھنے والوں کا ایک وسیع حلقہ وجود میں آچکا ہے۔ مجھے نہیں لگتا کہ آپ سمت کے قارئین کا دل توڑ سکتے ہیں۔ اور جب پڑھنے والوں کی یہ کیفیت ہو کہ ادھر ستیہ پال آنند جیسے ادب کے گورو یہ سمجھیں کہ آپ ان کی طرف خاص توجہ دے رہے ہیں اور ادھر مجھ جیسا طفل ادب اس خوش فہمی میں مبتلا ہو کہ آپ کی خصوصی عنایت مجھ پر ہے تو پھر تو یہ اور بھی مشکل ہو جاتا ہے۔ ویسے بھی اچھا کام جاری و ساری رہنا چاہیئے۔ بس اپنے کام میں لگے رہیں اور ہم سب کی دعائیں سمیٹتے رہیں۔ خوش رہیں آباد رہیں۔

    داؤد کاکڑ

    • محترم اعجاز عبید صاحب
      سلام ، شکریہ رِسالہ ”سمت” بھیجنے کا
      اور مبارک اِس محنت پر
      میرے خیال میں تو یہ انٹرنیٹ رسالہ جاری رہنا چاہئے، یہ ایک اچھا ادبی رسالہ ہے۔
      تازہ شمارہ ، نمبر 40 ، میں یاد ِ رفتگاں میں مشرّف عالم ذوقی صاحب کے مضمون پر مَیں نے ایک کمنٹ بھی لکھا ہے جو اُس مضمون کے ذیل میں لِکھ دیاہے۔
      اپنی دو نظمیں ، اگلے شمارے کے لئے ، درج ِ زیل ہیں ، اُمید ہے پسند آئینگی۔
      اگر آپ مناسب سمجھیں گےتو اپنی ۲ غزلیں بھی بھیج دونگا ، افسوس کہ مَیں اِ س شمارے کیلئے کچھ نہ بھیج سکا۔
      اُمید ہے آپ ہر طرح ٹھیک اور صحت سے ہونگے
      آپ کا
      کاوش عبّاسی

      Please also replied in email. Salaam.

  • برادر محترم
    اسلام علیکم
    اردو تحریر کو عام کرنے میں آپ کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔ اب جب کے بڑے ادارے ( گوگل) وغیرہ نے بھی اس طرف توجہ دی ہے تو کام اور آسان ہو گیا ہے۔ آپ کی محنت بار آور ہوئی۔ سمت کا حلیہ بھی بدل گیا ہے۔ بڑی خوشی ہوتی ہے آپ کی اس کامیابی کو دیکھ کر۔ دلی مبارکباد قبول کریں۔ فا ر میٹنگ کی آ سانی ہو جا ئے تو سونے پر سہاگہ رہے گا۔ انشا اللہ وہ بھی ہو جائے گا۔ شاعری کے لئے تو فا ر میٹنگ ضروری ہے۔ ( ویسے کام تو چل رہا ہے )۔ اللہ آپ کو صحت تندرستی کے ساتھ سلامت رکھے۔ مجھے خوشی ہے کہ آپ کی جستجو اور لگن نے اج سمت کا نقشہ ہی بدل دیا ہے۔ مبارک۔
    دعا گو
    سردار علی

  • السلام علیکم ورحمتہ اللہ وبرکاتہ۔
    جناب استادِ گرامی!
    استدعا ہے کہ سمت کو جاری رکھیے۔ البتہ اس کی مناسب تشہیر کے لیے ہم سب کوشش کرتے ہیں ان شاءاللہ۔
    آپ کی اردو کے لیے کاوشیں اس قدر ہیں کہ ہم سب اردو دان طبقہ آپ کے زیرِ احسان ہے۔
    اللہ آپ کو ایمان کی دولت اور صحت و آسانیوں اور خوشیوں والی لمبی عمر عطا فرمائے۔ ہر تکلیف و پریشانی سے آپ کو محفوظ رکھے۔ چلتے ہاتھ پاؤں رکھے اور کسی کا محتاج نہ بنائے۔ آمین!
    جاسمن

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے