حمد ِ باری تعالیٰ
تنویر پھولؔ
حمد میں تیری ہے مصروف یہ بندہ تیرا
اس کو درکار ہے اللہ! سہارا تیرا
تو کہ ہے اوّل و آخر، تو ہی باطن، ظاہر
ذات عالی ہے تری ، نام ہے اولیٰ تیرا
حمد کرسکتے نہیں ، اپنی زباں ہے کج مج
کون کہہ سکتا ہے اللہ! قصیدہ تیرا
تو کہ وہّاب ہے، داتا ہے، مِرا بھر دامن
تو غنی اور ولی ، آسرا مولیٰ! تیرا
تو ہے رزّاقِ جہاں ، پالنے والا تو ہے
خوانِ یغما ہے بچھا ارض پہ ہر جا تیرا
تیری تعریف کا حق کیسے ادا ہو یا رب!
فکر اسفل ہے مِری ، مرتبہ اعلیٰ تیرا
تیرے محبوب ﷺ نے یہ ہم کو بشارت دی ہے
حشر میں دیکھیں گے ہم جلوۂ زیبا تیرا
رحم ِ مادر میں بناتا ہے تو سب کی صورت ۱؎
ننھی کونپل جو تناور ہے ، کرشمہ تیرا
ملتزم پر اسے خوشبوئے شہ دیں ﷺ ہے ملی
تیری چوکھٹ پہ کھڑا پھولؔ ہے ، منگتا تیرا
۔۔۔۔۔
۱؎سورہ آل عمران ، آیت نمبر ۶
٭٭٭