الیوژن ۔۔۔ اقبال حسن آزاد

گاؤں کی پگڈنڈیاں طے کر تے ہوئے اب وہ دونوں شہر جانے والی سڑک کے قریب آ گئے تھے۔ابھی اندھے را تھا اور تھوڑے فاصلے پر واقع لائین ہوٹل صاف صاف دکھائی نہیں دے رہا تھا۔البتہ وہاں پر کھڑے ٹرکوں کے دھندلے دھندلے سائے نظر آ رہے تھے۔وقفے وقفے سے کوئی گاڑی گزرتی تو سڑک روشن ہو جاتی اور آس پاس کی چیزیں دکھائی دینے لگتیں۔ جب وہ پکی سڑک پر آ گئے تو اپنی اپنی دھوتیاں اُتار کر سروں پر ڈال لیں ،لوٹے کو بائیں جانب رکھا اور زمین پر اکڑوں بیٹھ گئے۔
"او سامنے والا گاؤں میاں لوگ کا ہے نا؟”
"ہاں ! بڑا بھاری گاؤں ہے۔”
"اوہی تو!کل سام کو بس سے اُترا تو میاں جی اللہ اللہ پکار رہا تھا۔”
"کیا کریں ، سالا روج پانچ دن کا ےہی دھندا ہے۔اور ابھیو تھوڑی دیر میں پکارے گا۔”
"تم لوگ کو ڈر نہیں لگتا؟”
"ڈر، کاہے کا ڈر؟”
"ارے سب سالے آتنک وادی ہو تے ہیں۔”دیکھا نہیں ،کبھی دلی،کبھی ممبئی جب نہ تب کچھ نہ کچھ ہوتے رہتا ہے۔”
"ہاں ! مگر مارا بھی تو جاتا ہے۔”
"اک کے بار کاہے نہیں سب کو مار دیتا ہے؟”
"اتّاآسان نہیں ہے نا!اب دیکھو نا،اپنے ہی لوگوں کو پکڑ لیا۔کوئی کوئی پولس والا بھی سالا چوتیا ہوتا ہے۔ےہی سب گلت سلت کام کرتا رہتا ہے۔”
"مگر او لوگ کے کھلاپھ ثبوتو مل گےا۔”
"کیا کریں ؟ کھالی مارے کھاتے رہیں۔کوئی جواب دینے والا بھی تو ہونا چاہئے۔دنّو طرپھ سے ہو گا تا ٹھیک ہو گا نہیں تو ہمیسہ ڈر بنا رہے گا کہ کب سالا بجار میں دھماکہ ہو جائے ،کب گاڑی اُڑ جائے کب کیا ہو جائے کب کیا ہو جائے”
اچانک پورب سے تیز ہوا کا ایک جھونکا دونوں کی چوتڑوں کو سہلاتا ہوا گذر گیا۔اتنی دیر میں وہ فارغ ہو چکے تھے۔لوٹے کے پانی کو اپنے اپنے مقعد میں چھڑک کر دونوں کھڑے ہو گئے اور سر سے دھوتی اُتار کر پہن لی۔پھر سڑک کے کنارے کی مٹّی پر ہاتھ رگڑ اور بچے کھچے پانی سے ہاتھ دھو کر کھڑے ہو گئے۔ملگجا سا اندھیرا اب تک قائم تھا۔اسی وقت سامنے والے گاؤں کی مسجد سے اذان کی آواز اُبھری۔دونوں خاموش ہو گئے اور دھیرے دھیرے چلتے ہوئے سڑک کے کنارے بیٹھ گئے۔
"او گاؤں میں مدرسہ بھی ہو گا؟”
"ہاں ہے تو؟”
"وہیں تو سب سالا آتنک وادی بنتا ہے۔مدرسہ کاہے کو ہے،ہتھیار کا بھنڈار ہے بھنڈار۔”
"ہاں !اور او سب لوگ داڑھی کیسا رکھتا ہے ،دیکھ کے ڈر لگتا ہے۔”
"داڑھی تو سردار لوگ بھی رکھتا ہے اور ہم لوگ بھی۔”
"سردار لوگ کا بات اور ہے۔او لوگ بڑا سرےا کے اور کنگھی کر کے رکھتا ہے۔دیکھنے میں اچھا لگتا ہے اور ای لوگ تو اتّی لمبی لمبی داڑھی،اوپر سے گندی ،پتہ نہیں کتنی جوئیاں بھری ہوں گی۔دیکھتے ہو طالبان لوگ کو ٹی وی پر؟ کیسا ڈینجرس لگتا ہے دیکھنے میں ؟”
"ہاں ! اور جنانی لوگ جو بُرکا پہنتی ہے۔ نام ہے بُرکا اور رکھے ہے سر پر۔پتہ نہیں اس کے اندر کیا کیا چھپا کے رکھتی ہے۔”
"ہاں ! اسی لئے تو جج صاحب بولے کہ اپنے ایہاں طالبان نہیں چاہیے۔”
"ٹھیک بولے۔ایسا ایسا جج ہر نیالے میں ہونا چاہئے،تبھی ہم لوگ کو نیائے ملے گا۔”
"مگر بعد میں او میاں لوگ سے مافیو مانگ لیہن۔”
"ان کو ایسا نہیں کرنا چاہیے تھا کھیر”
اسی وقت ان میں سے ایک کی نظر سامنے والے گاؤں کی طرف اُٹھی۔
"ارے!دیکھ دیکھ کون جا رہا ہے۔”
"ای تو کوئی آتنک وادی دکھائی دیتا ہے۔”
"ہاں !طالبان لوگ کی طرح سر پر پگّڑ باندھے ہوئے ہوئے ہے۔اور ےہ لمبی داڑھی بھی ہے اور کندھے پر بندوقا رے باپ رے باپ۔ اور دیکھو دیکھو ایک ٹھو کتا بھی لئے جا رہا ہے۔”
"ارے ہاں ! کِتّا بڑا کالا کتا ہے۔”
"مگر میاں لوگ تو کتا نہیں پالتا۔”
"ارے جاسوسی والا کتا ہو گا ،جیسا پولس والے سب کے پاس ہوتا ہے۔”
"مگر ای سویرے سویرے جا کہاں رہا ہے؟”
"آگے ایک اور گاؤں میاں لوگ کا ہے۔اندر ہی اندر کچھ ہو رہا ہو گا۔”
"اور ایہاں سے بارڈر بھی جادے دور نہیں ہے۔کیا پتہ بارڈر کراس کر کے آتا جاتا ہو گا۔”
"ہو سکتا ہے۔”
اچانک وہ شخص سڑک کی جانب مڑ گیا۔دونوں سہم سے گئے اور دم ساد ہے بیٹھے رہے۔وہ شخص قریب آتا گیا اور ساتھ ہی ساتھ اُجالا پھیلتا چلا گیا۔کھیتوں سے ہوتے ہوئے جب وہ سڑک پر نمودار ہوا تو زمین پر بیٹھے ہوئے آدمیوں میں سے ایک نے کہا۔
"ارے!ای تو پھجلو میاں ہے۔”
"کون پھجلو میاں ؟”
"ای سامنے والے گاؤں میں رہے ہے۔کھیت جوتے ہے اور بکری بیچے ہے۔ارے دیکھ کندھے پر تو ہل ہے اور ای کتا ای تو پھجلو میاں کی بکری ہے۔”
"مگر تم تو کہہ رہے تھے کہ آتنک وادی!”
"کیا کریں بھیا!روج دن دیکھ دیکھ کے ،سن سن کے ایسا ہی لگتا ہے کہ سب سالے آتنک وادی ہیں۔”
٭٭٭

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے