غزلیں ۔۔۔ راحیلؔ فاروق

 

 

اول تو ہم سے حال کہا ہی نہ جائے گا

پر چھیڑ دیں تو تم سے سنا ہی نہ جائے گا

 

اندیشہ تھا کہ گر نہ پڑوں غم کی راہ میں

معلوم یہ نہ تھا کہ اٹھا ہی نہ جائے گا

 

دنیا کے سب دکھوں میں اکیلے ہی جی گئے

جیسے ہمارے بعد جیا ہی نہ جائے گا

 

تم لاکھ دردِ دل کی دوا ڈھونڈتے پھرو

میں جانتا ہوں مجھ سے رہا ہی نہ جائے گا

 

راحیلؔ ہم تو یوں بھی نمازی نہیں رہے

کہتے ہیں یہ حساب لیا ہی نہ جائے گا !

٭٭٭

 

 

۔۔۲۔۔

 

 

 

کسے خبر تھی یہ تیور ہنر کے نکلیں گے

ہمی پہ قرض ہمارے جگر کے نکلیں گے

 

مچل رہے ہیں جو ارمان ایک مدت سے

ستم ظریف گنہگار کر کے نکلیں گے

 

گراں ہے نرخ بہت نعرۂ انا الحق کا

گلی گلی سے خریدار سر کے نکلیں گے

 

اصولِ عشق میں گویا یہ بات شامل ہے

اِدھر سے ہو کے دَلِدّر اُدھر کے نکلیں گے

 

غبارِ خاطر و گردِ سفر کو بیٹھنے دو

ہم انتظار کریں گے، ٹھہر کے نکلیں گے

 

ہوئے ہیں عشق میں راحیلؔ خانماں برباد

کہیں سنیں گے تو بھیدی بھی گھر کے نکلیں گے

٭٭٭

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے