جی بہتر ۔۔۔ عمار نعیمی

"ایوب صاحب یہ کیا؟ آج تو بدھ ہے اور آج کے دن تو گروپ میں شاعری پوسٹ کرنا منع ہے۔ بقول آپ کے ؛ شاعری صرف اتوار کے دن پوسٹ کی جا سکتی ہے۔ آپ ہی نے تو گروپ کے قوانین مرتب کیے ہیں اور آپ ہی۔۔۔۔ ۔۔۔۔ ۔۔ ؟‘‘

عادل نے فیس بک گروپ کے ایڈمن کو آئینہ دکھانے کی کوشش کی۔

السلام علیکم! دیکھو عادل! وہ میرا گروپ ہے میرے قوانین ہیں اور ایڈمن کو اجازت ہوتی ہے۔ میں نے کمنٹ ڈیلیٹ کر دیا ہے اور آیندہ ایسا کمنٹ مت کرنا ورنہ گروپ بدر کر دوں گا۔ گروپ میں رہنا ہے تو میرے بنائے اصولوں پر عمل پیرا ہونا ہو گا۔

ایوب نے عادل کا کمنٹ ڈیلیٹ کرنے کے بعد انباکس میں اس کو تنبیہ کرتے ہوا کہا۔

عادل نے تامل کے بعد جواب دیا

"جی بہتر”

٭٭٭

ایوب کسی کام سے باہر موٹر سائیکل پر نکلا کہ اس نے دیکھا ایک ٹریفک وارڈن یک طرفہ سڑک (ون وے روڈ) کی خلاف ورزی کر رہا تھا۔ ایوب نے اپنی موٹر سائیکل وہیں روک کر ہاتھ کے اشارے سے اس کو روکا اور اس کے رکنے پر مخاطب ہوا:

"جناب یہ کیا؟ یہ ون وے سڑک ہے اور یہاں مخالف سمت میں موٹر چلانا منع ہے، آپ ہی قوانین کے رکھوالے ہیں اور آپ ہی۔۔۔۔ ۔۔۔۔ ۔۔‘‘؟

ایوب نے ٹریفک وارڈن کو آئینہ دکھانے کی کوشش کی۔

"دیکھ لونڈے! یہ میری موٹر سائیکل ہے میں ہی محافظ ہوں اور ٹریفک وارڈن کو اجازت ہوتی ہے۔ ابھی کے لیے تو تجھے چھوڑ رہا ہوں آیندہ ایسی حرکت کی تو چالان کاٹ دوں گا تیرا۔ اگر بچنا ہے تو میرے بنائے اصولوں پر عمل پیرا ہونا ہو گا۔ ”

ٹریفک وارڈن نے ایوب کی حرکت پر تنبیہ کرتے ہوا کہا۔

ایوب نے تامل کے بعد جواب دیا۔

"جی بہتر”

٭٭٭

One thought on “جی بہتر ۔۔۔ عمار نعیمی

  • افسانہ کہنا تو مناسب نہ ہوگا البتہ اس افسانچے میں سہل و فصیح الفاظ کا استعمال نیز روز مرہ کے طرز گفتار نے تحریر کو دلچسپ اور جاندار بنا دیا ہے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے