کرب و بلا محمد یعقوب آسی

کرب و بلا

محمد یعقوب آسی

ذہن کا کورا کاغذ لے کر سوچ رہا ہوں

دیکھ رہا ہوں کرب و بلا کے خونیں منظر

سوچ رہا ہوں کیسے کچھ لکھ پاؤں گا

لفظوں کے لب سوکھ رہے ہیں

سوچ کے بازو ٹوٹ رہے ہیں

آج بھی شمر اور ابنِ زیاد کے کتنے بھائی

راہِ وفا میں رہزن بن کر بیٹھ گئے ہیں

آج کروڑوں کرب و بلا کے مارے ہوؤں کو

ایک حسین بھی مل نہ سکا تو

پھر کیا ہو گا؟

اس سے آگے سوچ کی گردن کٹ جاتی ہے

آج مجھے بھی کوفے سے پیغام آتے ہیں

سوچ رہا ہوں میں کسی مسلم کو بھیجوں

آج کے دور کی امِ ہانی بھی بے بس ہے

اور ملوکیت کا افسوں

سر پر چڑھ کر بول رہا ہے

زہر لہو میں گھول رہا ہے

اور اِک مردِ خدا کا ماتم کرنے والے

آپ اپنے سر کاٹ رہے ہیں

خون کے دریا پاٹ رہے ہیں

آج ہماری بے سر لاشیں ناچ رہی ہیں

آڑی ترچھی کئی لکیریں کھینچ رہی ہیں

اِن سے گرتے سرد لہو کے قطرے دھبے بن جاتے ہیں

اور مری سوچوں کی نبضیں جیسے ساکت ہو جاتی ہیں

ذہن کے پردے پر یہ دھبے اور لکیریں

سب کچھ گڈ مڈ ہو جاتا ہے

اور میں سوچ کا میلا کاغذ لے کر بیٹھا سوچ رہا ہوں

کیسے کچھ لکھ پاؤں گا

کیا کچھ لکھ بھی پاؤں گا؟

***

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے