عشقِ رسول دل میں بسانا بھی نعت ہے
اوصافِ مصطفیٰ کا سنانا بھی نعت ہے
طیبہ کی بچیوں کا شہِ دیں کی شان میں
رستوں پہ آ کے دف کا بجانا بھی نعت ہے
میدانِ کربلا میں پئے حرمتِ رسول
ابنِ علی کا سر کو کٹانا بھی نعت ہے
عشقِ نبی میں ڈوب کے حضرت اویس کا
دندان کا دہن سے گرانا بھی نعت ہے
سرکارِ دو جہاں کے لئے غارِ ثور پر
مکڑی کا آ کے جالا بنانا بھی نعت ہے
سردارِ انبیاء کی ولادت پہ منہ کے بل
سارے بتوں کا خود کو گرانا بھی نعت ہے
معراج میں خدا کا نبیِ کریم کو
سات آسماں کی سیر کرانا بھی نعت ہے
حکمِ رسولِ پاک کی تعمیل میں خمار
سورج کا پھر سے لوٹ کے آنا بھی نعت ہے
٭٭٭