2005 سے مسلسل اشاعت پذیر
ہمارے متعلق
’سمت‘ جس کا پہلا شمارہ نومبر دسمبر ۲۰۰۵ء میں نکلا تھا، وہ عہد ساز جریدہ ہے، جس نے اردو کی آن لائن دنیا میں ایک انقلاب پیدا کر دیا۔ اس سے پہلے بہت سی ویب سائٹس ایسی تھیں جو اردو کا ادبی مواد پیش ضرور کرتی تھیں، لیکن تصویروں کی شکل میں۔ جس کی وجہ سے متون کو کاپی، پیسٹ کر کے نقل نہیں کیا جا سکتا تھا۔ تصویری شکل میں یہ اردو گوگل یا اس قسم کے دوسرے تلاشی انجنوں میں قطعی نظر نہیں آتی تھی۔ اگرچہ تحریری اردو (یونی کوڈ) ۲۰۰۱ء میں انٹر نیٹ پر نظر آ گئی تھی، سب سے پہلے بی بی سی (اردو) کی ویب سائٹ پر، لیکن پابندی سے شائع ہونے والا کوئی جریدہ آن لائن نہیں ہوا تھا۔ آپ کے پسندیدہ جریدے کے علاوہ ۲۰۰۵ء میں ہی ’اردو محفل‘ کے نام سے ویب سائٹ وجود میں آئی، اور ۲۰۰۶ء میں ’اردو کی برقی کتابیں‘ ایک عارضی ڈومین پر جلوہ فگن ہوئی۔ ’سمت‘ اور ’برقی کتابیں‘ میں تو کلیتاً اعجاز عبید کی کار فرمائی تھی ہی، اعجاز عبید (اردو محفل میں ’الف عین‘) کا شمار اردو محفل کے بانیوں میں بھی ہوتا ہے۔ اور اس کے بعد ہی موجودہ اردو کی ساری ویب سائٹس وجود میں آ کر اردو کے فروغ میں اپنا حصہ ڈالنے لگیں۔ غرض تحریری اردو (یونی کوڈ)کے فروغ اور بطور خاص اردو ادب کے فروغ میں ’سمت‘ کا اجراء سنہری حروف میں لکھے جانے کے قابل ہے۔ موجودہ دور میں ایک اور خادم اردو سیف قاضی کی کوششوں سے ’بزمِ اردو‘ کا قیام عمل میں آیا ہے۔ اور اب ۲۰۱۳ء سے ’سمت‘ اور ’ڈجیٹل لائبریری‘ بھی بزم اردو کی ذیلی ڈومین کے طور پر منظر عام پر آتے رہے ہیں۔ اور ٢٠١٨ء سے یہ پورا ڈومین اردو ویب ڈاٹ آرگ (اردو محفل ےا بنیادی ڈومین) کے زیر انتظام ہے۔